پاکستانی شہری کا خاموشی سے زلزلہ متاثرین کیلیے 30 ملین ڈالر کا عطیہ

1267

استنبول، اسلام آباد: ایک پاکستانی شخص نے خاموشی سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 30 ملین ڈالرز(ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد) عطیہ کردیے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ایک پاکستانی شخص امریکا میں ترک سفارتے خانے میں داخل ہوا اور اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر 30 ملین ڈالرز کی امداد دیکر چلا گیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک گمنام پاکستانی کی مثال دیکھ کر دل بہت متاثر ہوا ہے ۔

ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ گمنام پاکستانی نے امریکا میں ترکیہ کے سفارت خانے جا کر ترکی اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ انسان دوستی کے ایسے شاندار کام ہیں جو انسانیت کو بظاہر ناقابل تسخیر مشکلات پر فتح حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خدمت خلق کی ایسی ہی شاندار مثالیں ہیں جو انسانیت کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہیں،

خیال رہیکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث 24 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ہزاروں افراد زخمی ہیں جب کہ زلزلے سے دونوں ممالک میں 8 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے ترکیہ اور شام میں خوراک پہنچانے کے لیے 77 ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔