چمن ریلوے اسٹیشن کے قریب بم دھماکے کا منصوبہ ناکام

700
railway track

چمن: چمن میں ریلوے اسٹیشن کے قریب لیویز رسالدارمیجر کے کوارٹر کے گیٹ کے ساتھ موجود بم کو پاک فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

پولیس حکام کے مطابق چمن ریلوے اسٹیشن کے ساتھ گورنمنٹ گرلز کالج کے قریب لیویز رسالدار میجر عزیز احمد خان کے کوارٹر کے گیٹ کے ساتھ نامعلوم افراد نے بم رکھا اور فرار ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ لیویز رسالدار میجر نے پولیس کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی، جس پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور پاک فوج کی بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

پاک فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو کوارٹر سے باہر نکالا اور دھماکا سے اڑا دیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول تھا اور اس میں موجود بارودی مواد کا وزن ایک کلو تھا، جب کہ بم کو جوس کے ڈبے میں بنایا گیا تھا۔ دہشت گردوں کا ہدف لیویز رسالدار میجر تھا تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشت کردی کا یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔