اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے 14 معاونین کی بلامعاوضہ کام کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ کےدستخط سے نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کو 14 معاونین خصوصی نے بلامعاوضہ کام کرنے کی درخواست کی تھی۔ درخواست دینے والے معاونین خصوصی میں شزہ فاطمہ خواجہ، سینیٹر حافظ عبدالکریم، جنید انور چودھری شامل ہیں۔
ارکان قومی اسمبلی شیخ فیاض الدین ،رومینہ خورشید عالم ، رانا مبشر اقبال نے بھی بلامعاوضہ کام کرنے کی درخواست کی تھی۔ دیگر درخواست گزاروں میں صادق افتخار، ملک محمد احمد خان، روبینہ عرفان، ملک عبدالغفار ڈوگر بھی شامل ہیں۔
سردار شاہجہاں یوسف، فہد ہارون، سابق سفیر محمد صادق اور ملک نعمان لنگڑیال نے بھی درخواست کی تھی۔ معاونین خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبے سے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ درخواست گزاروں نے وزیراعظم سے کہاتھا کہ وہ اس مشکل صورتحال میں بلامعاوضہ خدمات انجام دیں گے۔