کراچی:چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کے مفت آئی ٹی پروگرام ” بنوقابل پروگرام ” کے تحت 10 ہزاربچے آئی ٹی کورسز کریں گے، پہلے سیشن کا آغاز پیر13فروری سے ہو رہا ہے۔
نوید علی بیگ نے کہاکہ کراچی ملک کا لیڈنگ سٹی ہے،ہم اسے لیڈنگ آئی ٹی سٹی بنانا چاہتے ہیں، یہ اہل کراچی کیلئے خوشی کا موقع ہے کہ ہمارے نوجوانوں نے قابل بننے کا تہیہ کیا ہے اوراب وہ آئی ٹی کورسز سیکھنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ہیڈ آفس میں گزشتہ روز طلبہ وطالبات کیلئے دو وزہ’’بنو قابل اورینٹیشن پروگرام ‘‘منعقد کیا گیا جو الحمد للہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا ہے۔ اس پروگرام میں ایپ ڈیولپمنٹ ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ،فری لانسنگ ،ایمازون ورچوئل ،ویب سائٹ ڈیولپمنٹ ،گرافکس ڈیزائننگ کے اساتذہ کا تعارف پیش کیا گیا ،جبکہ ان اساتذہ نے کورسز کی ضرورت اور عصر حاضر میں ان کی مارکیٹ اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ ان اساتذہ نے کورسز کے تعارف میں طلبہ وطالبات مفید معلومات بھی فراہم کیں، اس پروگرام میں طلبہ وطالبات نے بھرپور دلچسپی لی۔ نوید علی بیگ کا کورسز کیلئے منتخب ہو نے والے طلبہ سے کہنا تھا کہ بنو قابل پروگرام کیلئے الخدمت کی ٹیم نے بہت محنت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ پروگرام آپ کیلئے ہے،لہٰذآپ نے اپنے کورسز کو تن دہی اور لگن کے ساتھ سیکھنا ہے، اگر آپ نے کسی ایک کلاس کو بھی نظرا انداز کیا تو آپ بہت پیچھے چلے جائیں گے۔ ہم نے تمام کورسز کیلئے اپنے اپنے شعبوں کے ماہر پروفیشنلز کی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورس کی تکمیل کے بعد بنو قابل کے نئے سیشن کا آغاز ہوگا ۔ پہلے بیچ میں 10ہزار طلبہ ہیں ،جسے ہی یہ مکمل ہو گا ، مزید 10ہزار طلبہ وطالبات کو اس پروگرام میں موقع دیا جائے گا ۔ ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی نے کہا مفت آئی ٹی کورسز کا یہ پروگرام کراچی کی تاریخ کا منفرد پروگرام ہے ،جو نوجوانوں کو خود اعتمادی دینے کے ساتھ ساتھ ان کے اور ان کے خاندان کیلئے خوشحالی لائے گا ۔اس لیے طلبہ وطالبات اسے بالکل نظرانداز نہ کریں ۔
دریں اثنا الخدمت ہیڈ آفس میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں کورسز کیلئے کامیاب بچوں کو سینٹرز کی معلومات کی فراہمی اورسینٹرز کی تبدیلی سمیت دیگر مسائل حل کیے گئے ۔