لاہور:پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ ان کا گول اس سیزن میں ٹاپ اسکورر بنانا اور اپنی کارکردگی سے قلندرز کو جتوانا ہے۔
لاہور قلندرز کے ٹریننگ کیمپ کے موقع نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے فخر زمان نے کہا کہ پی ایس ایل سے قبل کیمپ میں بڑی اچھی تیاری کرنے کا موقع ملا ہے، نیٹ سیشنز کے بعد میچز بھی کھیلے ہیں جس دوران کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملا ہےجس کا پی ایس ایل میں فائدہ ہوگا۔
فخر زمان نے کہا کہ میں انجری سے واپس آیا ہوں اس لیے کوشش یہی تھی کہ وکٹ پر زیادہ زیادہ کھیلوں، وقت گزاروں تاکہ گیند بیٹ پر آئے، میں نے نئی چیز کرنے کی کوشش نہیں کی بنیادی چیزوں پر کام کیا، ریورس سوئپ کھیلنا پریکٹس کا حصہ ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ ٹیم کو بننے میں وقت لگتا ہے،لاہور قلندرز کو بننے میں 5،6برس لگ گئے، اب بھی ہماری ٹیم متوازن ہے، ہمارے بہت زیادہ چانسز ہیں، میرا بھی یہی گول ہے کہ اس مرتبہ بھی ٹاپ اسکورر بننا ہے اور اپنی ٹیم کو اپنی کارکردگی سے جتوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرتے ہیں،گزشتہ سیزن میں بھی ٹاپ کے بیٹر مقامی تھے لیکن ایسا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی جب پرفارم کرتے ہیں تو ان کو زیادہ ہائی لائٹ کر دیا جاتا ہے۔
فخر زمان نے سکندر رضا کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں ایک اچھا اضافہ قرار دیا اور کہا کہ سکندر رضا اس وقت کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں، انٹر نیشنل کرکٹ اور لیگز میں تسلسل کے ساتھ کھیل رہے ہیں ان کی وجہ سے فائدہ ہو گا۔
کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارا بولنگ اٹیک بہت شاندار ہے ، سکندر رضا اور راشد خان اٹیک میں شامل ہیں، شاہین آفریدی اور حارث رف کی پوری دنیا میں دھوم ہے،گزشتہ سیزن جیسی ہی کارکردگی دہرائیں گے ۔