چین: شینزو 15 کے سوار خلا میں چہل قدمی کریں گے

834

بیجنگ: چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ چینی خلائی اسٹیشن تیان گونگ پرسوار شینزو-15 کے خلاباز آ ئندہ چند دنوں کے دوران بیرونی خلا میں اپنی پہلی سرگرمیاں کریں گے۔

تین افراد پر مشتمل عملہ 30 نومبر 2022 کو خلائی اسٹیشن کے مجموعے میں داخل ہونے کے بعد سے 70 دنوں سے مدار میں موجود ہے۔ انہوں نے مختلف امورسرانجام دیئے ہیں جن میں شینزو-14 کے خلابازوں کے ہمراہ مدار میں عملے کی گردش، سائنسی تجرباتی کیبنٹس کے تجربات اور خلائی جہاز کے سامان کا معائنہ شامل ہیں۔

انہوں نے طبی معائنے، وزن کے بغیر ورزش اورخلائی سائنس کے تجربات کا ایک سلسلہ بھی سرانجام دیا ۔تاہم گزشتہ دو ماہ صرف کام میں صرف نہیں کیے گئے ۔ خلائی اسٹیشن کے نئے رہائشیوں نے چینی نئے سال کا جشن بھی منایا ،خلائی پینٹنگ اور تصویروں کی نمائشیں منعقد کیں اورچینی عوام کو نئے سال کی مبارکباد بھیجی۔

ایجنسی کے مطابق شینزو-15 کے تینوں خلاباز اب اچھی حالت میں ہیں اور خلائی اسٹیشن کا مجموعہ مستحکم طور پر کام کر رہا ہے۔ عملے کی پہلی خلائی چہل قدمی کے لیے تمام حالات اپنی جگہ مستحکم ہیں۔

شینزو-15 کے عملے کے تین ارکان فی جون لونگ، ڈینگ چھنگ منگ اورژانگ لوہیں۔ ان کے 6 ماہ کے مشن کا مقصد خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے آخری مرحلے کو سمیٹنا اور اس کے استعمال اور ترقی کے پہلے مرحلے کا آغاز کرنا ہے۔