کراچی:فصلوں کی نشونما اور بہتری کے لیے خلا میں پاکستانی بیج بھیجنے کے اس منصوبے کو چین، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے زیلی ادارے پاکستان سائنس فاونڈیشن اور جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل و بائیولوجیکل سائنسز نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔
تقریب میں سیاسی قیادت، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، سائنسدانوں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور اس سے منسلک اداروں کے اعلی افسران اور چین سے آئے مندوبین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال نے کہا کہ “خلا میں بیج” کا یہ منصوبہ دونوں ممالک کے سائنسدانوں کے درمیان تعاون میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ محققین کو علم اور وسائل کا اشتراک کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس سے معاشی ترقی ہوتی کو بھی تقویت ملے گی ۔ خلائی سائنس میں تعاون کا یہ منصوبہ جڑی بوٹیوں کی ادویات اور تحقیق کو آگے بڑھانے میں ایک سنگ بنیاد ہے۔
انہوں کہا کہ آج پاکستان اور چین اپنی دیرینہ دوستی کا جشن وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ، حکومت چین، پاکستان میں چین کے سفارت خانے، جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل و بائیولوجیکل ، پاکستان سائنس فانڈیشن، اور کامسٹیک کے درمیان اس تاریخی مشترکہ منصوبے کے آغاز کے ساتھ منارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے 1951میں سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد سے مضبوط تعلقات برقرار رکھتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جبکہ خلاء سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون کا یہ نیا منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے ان کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چینی سفارت خانے کی ناظم الامور و قائم مقام سفیر پانگ چنکسو نے اس کامیاب سائنسی تجربے میں دونوں ممالک کے سائنسدانوں کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ چین پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی تعاون میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ ان کی دوستی کی تاریخ میں درج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے فائدے اور اقوام کی خوشحالی کے لیے کھلے اور جامع تعاون کے ذریعے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی برادری کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس تعاون کو مزید گہرا کرنے سے زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔
خلاء میں بیج بھیجنے کے منصوبے کے پاکستانی سائنسدانوں کے گروپ کے سربراہ و ڈائریکٹر آسی سی بی ایس اور کوآرڈنیٹیر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ”آئی سی سی بی ایس کو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے تعاون میں ایک اہم سنگ میل کا اعلان کرنے پر فخر ہے جس میں بیجوں کو خلا میں بھجینے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ یہ بنیادی قدم دونوں ممالک کے درمیان مسلسل ترقی اور شراکت داری میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے جو خلائی سائنس کے شعبے میں مستقبل کے تعاون کو آگے بڑھائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامسٹیک 57اسلامی ممالک کے بیچ سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون کو بڑھانے کے لیے ایسے دیگر اقدامات بھی اٹھائے گا”اپنے خطاب میں وفاقی سیکرٹری، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی غلام محمد میمن کہا کہ “وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی نے فخر کے ساتھ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے تعاون سے پاکستانی اور چینی سائنسدانوں کی جانب سے خلا میں بھیجے گئے بیجوں کی کامیاب واپسی کا اعلان کیا ہے۔ ہم ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور سائنس، ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں شراکت داری جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اپنے سائنسدانوں کی ترقی اور ان کی ہر طرح کی معاونت کے لیے پرعزم ہے.