چلاس : اپر کوہستان میں مسافر کوسٹر کار سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری، 25 افراد جاں بحق ، 15 کے قریب زخمی ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کوسٹر مسافروں کو لے کر گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ ہربن نالے کے قریب کار سے تصادم کے بعد کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، 25 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایس پی دیامر کے مطابق اپر کوہستان میں شتیال ڈپو چوکی کے قریب مسافر بس اور کار میں تیز رفتاری کے باعث تصادم ہوا اور دونوں گاڑیاں گہری کھائی میں جاگریں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اندھیرے کی وجہ سے حادثے میں نقصان کی مکمل نشاندہی نہیں ہو سکی، ریسکیو ٹیمیں لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ چلاس کے آر ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔