لاہور:نیب نے منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میںشہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کو کلین چٹ دیدی،نیب نے احتساب عدالت میں بیان دیا کہ ترامیم کی روشنی میں ہمیں ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہیں۔
منگل کو لاہور کی احتساب عدالت میں وزیراعظم شہبازشریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔نیب کی جانب سے تفتیشی افسر نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ترامیم کی روشنی میں ہمیں ہارون یوسف کی گرفتاری مطلوب نہیں۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نیب کے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ واضح بات بتائیں جس پر تفتیشی افسر نیب نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ابھی وارنٹ گرفتاری منسوخ نہیں کئے لیکن گرفتاری بھی مطلوب نہیں۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ تفتیشی افسرکے بیان کی روشنی میں کیس کو بحث کے لئے رکھ لیں جس پرفاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ نیب نے ابھی تلوار لٹکائی ہوئی ہے۔
نیب کے تفتیشی نے کہا کہ پہلے ہم نے ملزم ہارون یوسف کا کرداربے نامی دار لکھا تھا، ترمیمی قانون کے تحت نئی رپورٹ 17فروری تک دینی ہے۔فاضل جج احتساب عدالت نے سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔