الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں، فیصل جاوید

673

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں، ہم پر پرچے کرنے سے معیشت بہتر نہیں ہوگی، ایک طرف ہم پر مقدمات کیے جا رہے ہیں، دوسری طرف مذکرات کا کہتے ہیں۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ہی حل کا کہا، انتخابات کی تاریخ دیں، آج بے روزگاری اور مہنگائی ریکارڈ توڑ رہی ہے، ایسے میں حل صرف الیکشن ہے جو عوام نے تجویز کیا۔

 انہوں نے کہا کہ 90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو آئین شکنی ہو گی، آئین کے مطابق انتخابات ہونا ضروری ہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ سیاسی اتفاق رائے کرنا ضروری ہے، آپ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مہنگائی نے ملک میں ریکارڈ توڑ دیے، لوگ ملک چھوڑ کے جارہے ہیں، انتخابات کا اعلان ہو گا تو ملک کی معیشت بہتر ہو گی، فواد چوہدری، شہباز گل اور اب شیخ رشید کے ساتھ جو ہو رہا ہے قابل مذمت ہے۔

 ان کا مزید کہنا ہے کہ شیخ رشید کو حق و سچ کی آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کچہری میں موجود ہیں، ان کے ساتھ ہر جگہ اظہار یکجہتی کے لیے تیار ہیں۔

 فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ آزادی صحافت پر آئے روز قدغن لگائی جا رہی ہے، آئے روز صحافیوں کے حقوق کو پامال کیا جاتا ہے، جو سچ بتائے گا اس کو ڈرایا جاتا ہے، میڈیا پر مزید پابندیاں لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو مہنگائی اور حکومت کی نااہلی دکھاتا ہے اس کے خلاف کارروائی ہوتی ہے۔