پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت کی پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کردی گئی۔
30 جنوری کو ہونے ولاے خودکش دھماکے میں 101 افراد شہید اور 49 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد آج پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی، جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے وقت مسجد نمازیوں سے مکمل بھری ہوئی تھی جب کہ نماز کے لیے آنے والوں کی بڑی تعداد کو مسجد سے باہر نماز پڑھنے کی جگہ مل سکی۔
ذرائع کے مطابق پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے لیے آنے والوں میں ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی کوآرڈینیشن کے علاوہ دیگر پولیس افسران بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دہشت گردی سے ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔