عمران خان نے بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی، مریم نواز

451

لاہور:مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ 4سال کے سیاہ آمرانہ دور میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، عمران خان نے بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ذہنی مریض نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنادیا۔

مریم نواز نے کہا کہ قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)شرافت، برداشت اور اخلاقی قدروں پر یقین رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ نوجوان اختلاف کرنے والے کو دشمن نہ سمجھیں اور معاشرے میں تحمل، اخلاق اور بھائی چارے کے جذبے ابھاریں،مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے سوشل میڈیا ٹیم کے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر فخر ہے کہ آپ رضاکارانہ جذبے سے کام کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک بھر سے پڑھے لکھے، مہذب اور روشن دماغ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو گندگی سے پاک کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا، سائبر اسپیس پر آپ ملک اور قوم کے مفاد کی جنگ لڑیں،مریم نواز نے نوجوانوں کو کیو آر کوڈ پر سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی۔