ذاتی رنجشیں بھلانے کو تیار ہیں حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، اسد قیصر

345

پشاور:تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ایپکس کمیٹی میں گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ابھی بھی ہماری لیڈرشپ خیبرپختونخوا میں متحرک ہے۔

وزیراعظم کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ انہیں ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے تھا، دہشت گردی سے سب سے زیادہ صوبہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا، تحریک انصاف کے دور میں دہشت گردی پر موثر انداز میں قابو پایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں بم دھماکے، خودکش حملے یا دہشت گردی کے واقعات نہیں ہوئے، دہشت گردی سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی کامیاب رہی، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت بڑھتی دہشت گردی سے متعلق مسلسل آگاہ کر رہی ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ  حکومت کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر بالکل بھی مرکوز نہیں ۔ امپورٹڈ حکومت کا رویہ فسطائیت پر مبنی ہے، یہ مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈز روک لیے ہیں اور 230 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی بہتری کے لیے ذاتی رنجشیں بھلانے کو تیار ہیں تاہم حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔