پشاور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکا وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے، نیشنل سیکیورٹی کونسل نے گزشتہ عرصے میں جو فیصلے کیے عملدرآمد نہیں ہوا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دھماکا کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری اور حلف کا تقاضا ہے، یہ ذمہ داری پوری نہیں ہوتی تو حکمران ناکامی کا اعتراف کریں اور گھر چلے جائیں۔ وزیرخارجہ بلاول زرداری نے دورہ روس سے قبل اعلان کیا کہ وہ ماسکو سے مسئلہ افغانستان پر بات کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بلاول سے کہنا چاہتا ہوں افغانستان والے اپنے ملک کو سنبھال لیں گے، یہ ان کی ذمہ داری ہے،آپ اپنی فکر کریں، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کرسی اور مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں، سیاسی پارٹیاں آپس میں لڑنے کی بجائے ملک پر توجہ دیں اور عوام کا سوچیں۔
انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ قوم مزید انھیں برداشت نہیں کر سکتی، وہ وقت قریب ہے جب لوگوں کا ہاتھ نااہل حکمرانوں کے گریبانوں میں ہو گا، حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ مرکزی اور صوبے کی نگران حکومت کے پاس خیبرپختونخوا کو بدامنی سے بچانے کے لیے کیا منصوبہ ہے، لوگ ایک طرف ایک لیٹر پٹرول اور چند کلو آٹا خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، دوسری جانب بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں۔
انھوں نے اعلان کیا کہ الخدمت فائونڈیشن شہدا کے بچوں کی تعلیمی کفالت کرے گی۔ امیر جماعت نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاران کو دھماکا کے فوری بعد بہترین خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔