پشاور دھماکا، ابتدائی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش

266

اسلام آباد:پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پیش کر دی گئی۔

اس ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے خود کش حملے کے شواہد ملے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجد کے پلر گرنے سے چھت گری، جس سے زیادہ نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی لیپس کے حوالے سے اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس لائنز گیٹ، فیملی کوارٹرز سائیڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پر تحقیقات جاری ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پشاور پولیس لائن دھماکے میں اب تک 88 افراد شہید ہوئے جبکہ 157زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔ خود کش دھماکے کے شہدا میں ڈی ایس پی عرب نواز، 5 سب انسپکٹرز، مسجد کے پیش امام اور ملحقہ پولیس کوارٹر کی رہائشی خاتون بھی شامل ہیں۔دھماکے کے بعد ریسکیو کارروائیاں رات کو بھی جاری رہیں اور اب بھی جاری ہیں۔