سکھر:سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ عمران خان کے آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات پر انہیں لیگل نوٹس بھجوادیا گیا ہے اگر انہوں نے اسکا جواب نہ دیا تو مزید قانونی کاروائی کریں گے، ہمیں لگ رہا ہے کہ جلد عمران خان اس پر بھی معافی مانگ لیں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں کہ عمران خان کے آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات پر جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیئے، عمران خان الزام خان ہیں ان کی سیاست صرف الزام تراشی پر مبنی ہے،عمران خان تو ہمیشہ دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم انہیں طالبان خان بھی کہتے رہے ہیں، اگر آج عام پاکستانی جن مشکلات کا شکار ہے تو اس کی وجہ عمران خان اور ان کی حکومت ہے آئی ایم ایف سے مختلف ادوار میں 23 پروگرام ہوئے ہیں ان سے جمہوری اور ڈکٹیٹر حکومتوں نے بھی معاہدے کیےہیں۔
ناصر حسین شاہ کاکہنا تھا کہ ایسا معاہدہ کسی نے نہیں کیا جیسا پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا اور آج اس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، عمران خان نے چار سال میں ملک کا بیڑا غرق کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا اس کے وہ لاکھوں گھر اور سیکڑوں نوکریاں دینے کے وعدے کہاں گئے؟