اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپئن و مینجر قومی ٹیم خواجہ جنید پر تاحیات پابندی عائد کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ جنید ایشیا کپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر تھے۔ ایشیاکپ کے دوران جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقعہ پیش آیا جس کے باعث قومی ٹیم کا ایک گول ڈسکوالیفائی کردیا گیا اور یوں پاکستان ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے سے ناکام رہا۔
سابق سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل استعفا پیش کردیا تھا۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔
پی ایچ ایف لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق کا مؤقف ہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے مِس کنڈکٹ کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا۔