سازشوں کے باوجود اسلامی انقلاب اپنی منزل کی جانب گامزن  ہے، ایرانی صدر

339

تہران:ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی  نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا عوام پر مکمل بھروسہ تھا اور آج بھی یہ انقلاب عوام کی امنگوں کے مطابق مستقبل کی جانب گامزن ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عشرہ فجر کے آغاز اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر ابراہیم رئیسی نے اپنی کابینہ سمیت منگل کو بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ انقلاب کے چوالیس سال گزر جانے اور دشمنوں کی تمام سازشوں اور فتنوں کے باوجود، اسلامی انقلاب نہ صرف کمزور نہیں پڑا بلکہ اس کے جلوے پہلے سے کہیں زیادہ دنیا بھر میں پھیل چکے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ حکومت بھی نظام کی اسٹریٹیجی، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور عوام کی خدمت کے راستے پر گامزن ہے تا کہ انقلاب اسلامی کو مستحکم اور دشمنوں کو مایوس کرسکے۔

یاد رہے کہ یکم فروری سن انیس سو اناسی میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحم اللہ علیہ کی وطن واپسی سے لیکر انقلاب اسلامی کی کامیابی یعنی گیارہ فروری تک، ایران میں عشرہ فجر اور جشن آزادی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔