چند عناصر اپنے مفاد کے لیے ملک کی سالمیت خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں، اسد عمر

227

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر  نے کہا ہے کہ چند عناصر اپنے ذاتی مفاد اور عمران خان سے خوفزدہ ہوکر جمہوریت، آئین اور ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک میں 24 سال ملک میں آئین بننے نہیں دیا گیا، جبر کی بنیاد پر قوم کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی، ملک کا سیاہ ترین لمحہ تھا جب پاکستان دو لخت ہوا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ واضح ہے کہ الیکشن 90 دن میں ہی ہوں گے، آئین کو مجروح کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ 

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں جاری صورتحال پر سب کو تشویش ہے، اس وقت خطرناک باتیں کی جا رہی ہیں، کھلم کھلا آئین سے بغاوت کی جارہی ہے، ملک دو حصوں میں تقسیم ہوا ہے، ایک حصہ عمران خان اور جمہوریت کے لیے کھڑا ہے ، چند عناصر اپنے ذاتی مفاد اور عمران خان سے خوفزدہ ہوکر جمہوریت، آئین اور ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔