لاہور: بھارت کی جیلوں میں سزائیں مکمل کرنیوالے 17 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔واہگہ بارڈرپر جیسے ہی پاکستانی شہری اپنی سرزمین میں داخل ہوئے خوشی سے سربسجود ہوگئے۔
بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے پاکستانی شہریوں کو رہائی نصیب ہوگئی۔17 پاکستانی شہری رہائی کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں ، بھارتی حکام نے واہگہ / اٹاری بارڈر پر پاکستانی قیدیوں کو پاکستان رینجرزپنجاب کے حوالے کیا۔
بھارت سے رہاہوکرآنیوالوں کو ہارپہنائے گئے اوران کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو خصوصی سفری دستاویزات مہیا کی گئی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت سے رہاہوکرآنیوالے قیدیوں نے بتایا کہ بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے ساتھ انتہائی براسلوک کیا جاتا ہے۔ خاص طورپر تہاڑجیل میں کئی پاکستانی ایسے ہیں جن کی سزائیں مکمل ہوچکی ہیں لیکن بھارتی خفیہ ایجنسیاں ان کی رہائی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔
پاکستانی قیدیوں پر بدترین جسمانی تشدد کیا جاتا ہے ، انہیں بھوکا پیاسارکھا جاتا ہے۔دفترخارجہ نے بھارتی حکومت سے51 سولین قیدیوں اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست کی تھی جنہوں نے اپنی متعلقہ سزا پوری کر لی ہے اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
مزید برآں 1965 اور 1971 کی جنگوں میں لاپتہ ہونے والے دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 56 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کا بھی متعددبارمطالبہ کیا جاچکا ہے۔