ڈالر بے قابو، پاکستان کے قرضوں پرڈھائی ہزارارب روپے کا اضافہ

313
The high flight of the US dollar

کراچی: جمعرات کے روز ڈالر کی قدر میں تاریخی اضافے کے بعد ملک پر بیرونی قرضوں میں کم از کم ڈھائی ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ کے بعد انٹر بینک میں بھی جمعرات کو ڈالر کی قدر پر لگایا گیا غیر اعلا نیہ ”کیپ“ختم کردیا گیا جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا اور دوران ٹریڈنگ ڈالر 255 روپے تک جاپہنچا جو اس سے ایک روز قبل 230.89 روپے کا تھا یعنی ایک روز میں ڈالر کی قدر میں 24روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے کا بڑا اثر پاکستان پر بیرونی قرضوں کی مالیت پر بھی پڑتا ہے جس کی مالیت تقریباً130ارب ڈالر ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ڈالر کی قیمت کم از کم 250روپے ہوگی جس کا مطلب ہے کہ 230.89 روپے کے مقابلے میں 250روپے کے حساب سے ایک دن میں بیرونی قرضوں میں 2ہزار500ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔