وزیراعظم سے زرداری اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی علیحدہ ملاقاتیں

752

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں صوبوں میں باہمی مشاورت  سے انتخابی عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سید محسن رضا نقوی کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے آپ اپنی ذمے داری آئین کےمطابق احسن طریقے سے سر انجام دیں گے اور الیکشن کے عمل کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔