اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے بلکہ ان کے خلاف مقدمہ درج ہے، جس پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے سیاسی گرفتاریاں کرنی ہوتیں تو یہ لوگ کب کے جیلوں میں بند ہوتے جب کہ کچھ لوگ فواد چودھری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ یا آزادیٔ اظہار رائے کے ساتھ جوڑنے میں کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کے خلاف تھانہ کوہسار میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مقدمہ درج کرایاہے، کیونکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات دیے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چودھری نے ارکان الیکشن کمیشن کے بچوں کو کھلے عام دھمکیاں دی ہیں۔ عمران خان نے 2018ء سے 2022ء تک اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ سیاسی انتقام یہ تھا کہ نواز شریف کو اقامے پر گرفتار کیا گیا، انہیں نااہل کر کے پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی ادارے کو گالی نہیں دی، اداروں کے سربراہان کے بچوں، ان کے خاندانوں کو دھمکیاں اور گالیاں نہیں دیں، نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر نیب کی عدالت میں پیشیاں بھگتتے رہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر نیب اور پنجاب پولیس نے نواز شریف کی بیٹی کے گھر پر دھاوا بولا، میری موجودگی میں شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا، عمران خان نے بغیر وارنٹ گرفتاریاں کر کے سیاسی انتقام لیا۔عمران خان کے ترجمان اور ان کے وزرا انہی جگہوں پر بیٹھ کر گرفتاری سے پہلے اعلان کرتے تھے کہ 2 دن بعد رانا ثنا اللہ اور کیپٹن صفدر نے گرفتار ہونا ہے۔