لاہور: عدالت علایہ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی بازیابی کے لیے دائر درخواست خارج کردی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق فواد چودھری کو حبس بے جا میں رکھنے سے متعلق درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، جہاں عدالت نے فواد چودھری کو ڈیڑھ بجے پیش کرنے کا حکم دیا، تاہم فواد چودھری کو پیش نہیں کیا جا سکا۔
دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فواد چودھری کو اسلام آباد لے جانے کی اطلاعات ہیں، جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ میرے آرڈرز ہیں کہ فواد چودھری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ بعد ازاں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عمل درآمد کے لیے وقت طلب کرنے پر عدالت نے سماعت مختصر وقت کے لیے ملتوی کردی۔
وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی ، جس میں فواد چودھری کو پیش نہیں کیا گیا۔ وقفے کے بعد تیسری مرتبہ سماعت ہوئی تو وکلا نے عدالت کو بتایا کہ کے پولیس فواد چودھری کو لے کر اسلام آباد چلی گئی، جس پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر فواد چودھری اسلام آباد بھی پہنچ گئے ہیں تو انہیں واپس لاکر پیش کیا جائے۔
بعد ازاں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے مقدمے سے متعلق بتانے پر عدالت نے کہا کہ اسے بعد میں سنیں گے، پہلے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے سماعت شام 6 بجے تک ملتوی کردی۔
بعد ازاں عدالت میں چوتھی مرتبہ وقفے کے بعد سماعت ہوئی تب بھی فواد چودھری کو پیش نہیں کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ فواد چودھری پنجاب پولیس نہیں بلکہ اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔میں رحیم یار خان میں تھا جہاں موبائل سگنلز کا مسئلہ تھا، مجھے عدالتی حکم کی تاخیر سے اطلاع ملی، تب تک فواد چودھری اسلام آباد پہنچ چکے تھے، مجھے اگر جلدی پتا جل جاتا تو میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کرواتا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی وکیل سے کہا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں۔ یہ ایف آئی آر اسلام آباد میں درج ہوئی ہے، جسے خارج کرنے کا اختیار اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس ہے۔وکیل نے کہا کہ فواد چودھری کو اس عدالت میں پیش کیا جائے اور گرفتاری غیر قانونی قرار دی جائے۔پولیس کو 4 مواقع دیے لیکن انہوں نے فواد چودھری کو پیش نہیں کیا۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چودھری کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے،یہ کیسے ثابت کر سکتے ہیں کہ یہ غیر قانونی حراست ہیں۔ عدالت نے کہا کہ فواد چودھری کی گرفتاری میں غیر قانونی کیا ہے، اگر آپ مقدمے کا اخراج چاہتے ہیں تو اسلام آباد ہائیکورٹ فورم ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی بازیابی سے متعلق درخواست خارج کردی۔