پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے سے تعلقات بڑھیں گے،پرویز الٰہی

399

لاہور: وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی ، معاشی ،کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔

ایوان وزیراعلی میں چودھری پرویز الہی سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران طاہر جاوید نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلی چودھری پرویزالہی کے مثالی اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 5 سال کے کام 5 ماہ میں کئے، وزیراعلی پنجاب نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے، پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے پر وزیراعلی چودھری پرویز الہی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

دوران ملاقات وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی، معاشی، کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی، تعلیم،صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔

چودھری پرویزالہی کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں۔