کسان پیکج پر عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

458

لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  ہے کہ  کسان پیکج پر عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے، کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے جدید بیج متعارف کرانے  کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ہفتہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسان پیکج پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کسان پیکج پر عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے فی ایکٹر لاگت میں کمی آئے گی۔ 

وزیراعظم نے  ٹیوب ویلز  کو  شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے پیش کی گئی تجاویز کی تعریف کی۔  انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو قرض کے حصول میں سہولت ، بیج کی بروقت فراہمی کسان پیکج میں شامل ہے۔ کسان پیکج کے بارے میں کسانوں کی تمام تنظیموں کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے جدید بیج متعارف کرانے  کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔