نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہری دوار میں مقامی انتظامیہ نے لاؤڈ اسپیکر پر زیادہ تیز آواز میں اذان دینے کا الزام لگاکر 7 مساجد پر جرمانہ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر اکھنڈ کی ہائی کورٹ نے کڑی شرائط کے ساتھ مساجد میں لاؤڈ اسپیکرلگانے کی اجازت دے رکھی ہے مگر انتہا پسند ہندو انتظامیہ سارے بھارت میں نفرت اور اشتعال انگیزی کے لیے آئے روز ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے مسلمان مسلسل دہشت زدہ رہیں۔اتر اکھنڈ کے شہر ہری دوار کی انتظامیہ نے شہر کی 7 مساجد پر یہ الزام لگاکر جرمانہ کردیا کہ ان مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال طے کردہ معیار سے زیادہ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق ضابطے کی خلاف ورزی پر 7 مساجد کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے تھے لیکن ان مساجد نے غیر تسلی بخش جواب دیئے،جس کے بعد ان مساجد میں سے ہر ایک پر 5،5 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔