عدالتیں اور ادارے لٹیروں کے احتساب میں ناکام رہے، سراج الحق

545
accountable

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتیں اورادارے ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرنے میں ناکام ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور امریکی غلامی کا نام ہیں۔ کاش کوئی احتساب کا نظام ہوتا تو بڑے بڑے نام نہاد لیڈر جیلوں میں ہوتے۔ عدالتیں اور ادارے ملک لوٹنے والوں کا احتساب کرنے میں ناکام، اب عوام ہی ووٹ کی طاقت سے ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کریں گے۔ حکمران ٹرائیکا کے درمیان بلی چوہے کا کھیل جاری، دونوں اطراف مفادات کے لیے ایک دوسرے کی تذلیل میں مصروف ہیں۔وہ مال روڈ لاہور پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جلسہ کا اہتمام جماعت اسلامی لاہور نے کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مردہ لاشوں کی طرح ہیں۔ آج ملک کے وزیراعظم کا پوری دنیا میں کوئی فون سننے کے لیے تیار نہیں، کشکول مشن اصل میں ملک کی بربادی کا نام ہے۔ حقیقت یہ ہے اب تک جتنے بھی غیر ملکی قرضے لیے گئے حکمران اشرافیہ کی جیبوں میں گئے، عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، اصول یہ ہونا چاہیے جس پارٹی کے دور اقتدار میں جتنے قرضے لیے گئے وہی حکمران انھیں ادا کریں، عوام کا خون نہ نچوڑا جائے۔ ٹرائیکا کا غربت، مہنگائی اور بے روزگاری پر اتفاق ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کراچی سے پنڈی تک مہنگائی کے خلاف نام نہاد مارچ کیا ۔ پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف ریلیاں اور جلسے کر کے اقتدار میں آئی، آج پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی بتائے عوام کو کیا ریلیف دیا، مہنگائی کم کیوں نہیں کی۔ وزیر خزانہ کہتے تھے کہ ڈالر دو سو روپے سے نیچے آئے گا، نیچے کی بجائے ڈالر مارکیٹ سے غائب ہی ہو گیا۔ ہزاروں کنٹینرز ایل سی نہ کھلنے اور ڈالر نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کے ساحل سمندر پر کھڑے ہیں، کاروباری طبقہ شدید پریشان ہے۔ عوام آٹے کی لائنوں میں، باپردہ خواتین بھی ٹرکوں کے پیچھے شناختی کارڈ تھامے نظر آتی ہیں، سندھ میں ایک مزدور آٹے کی لائن میں کھڑا شہید ہو گیا۔ حکمران اپنے بنگلوں میں مقیم ہیں، سرکاری گاڑیاں اور پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر لیڈروں کا احتساب کرے گی، کرپشن کا خاتمہ کرے گی، سود ختم کرے گی اور ملک کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق چلائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ترازو عدل و انصاف اور ملک کو جدید اسلامی ریاست بنانے کا نشان ہے۔ قوم آنے والی نسلوں کو استعمار کی غلامی سے بچانے اور ملک کو ترقی یافتہ اسلامی پاکستان بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔