سسٹم کی تباہی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، شاہ محمود قریشی

365
legally defend

اسلام آباد: وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سسٹم کی تباہی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، (ن)لیگ کو صرف اپنی ذاتی بقاء اور کیسز سے چھٹکارا اور فرار چاہتے ہیں، انہیں عوام کی مشکلات سے کوئی غرض نہیں ہے۔

شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ آج بھی کہتے ہیں کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ صاف، شفاف، فوری انتخابات ہیں، سسٹم کو تباہ پی ٹی آئی نہیں موجودہ حکومت اور اس کی کارکردگی کر رہی ہے، آج ملک میں انتہا کی مہنگائی، بے روزگاری ہے، معیشت ڈوبتی چلی جا رہی ہے اور صنعت کار گورنر سٹیٹ بینک کو صنعتوں کی چابیاں پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کے حلیف سندھ میں بیٹھ کر ان پر چلا رہے ہیں، ان کی اپنی صفوں پر باتیں ہو رہی ہیں، مفتاح اسماعیل اپنی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی کو کوستی رہی ہے، آج ان کے پاس جا رہے ہیں، کراچی کی میئر شپ آفر کر رہے ہیں ، اب جماعت اسلامی کو بھی سوچنا ہو گا کہ کیا وہ کرپشن زدہ لوگوں کا ساتھ دیں گے؟

وائس چیئرمین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی خاطر حکومت چھوڑی، اسمبلیوں سے استعفے دیئے اور صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کیا، لیکن آج سپیکر قومی اسمبلی غیر آئینی اقدامات کرکے سلیکٹڈ استعفے منظور کر رہے ہیں،سپیکر حکومت کے آلہ کار بن چکے ہیں،  آج بھی کہتے ہیں کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ صاف، شفاف، فوری انتخابات ہیں۔