سوات: میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع،بارش اور برفباری سے موسم ایک بارپھر سرد ہوگیا، گزشتہ روزمینگورہ شہر سمیت سوات کے میدانی علاقوں میں موسم کی دوسری بارش اور پہاڑی وسیاحتی مقامات مالم جبہ اور کالام میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔
جس کے بارے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ سپل تقریباً تین دن تک جاری رہے گا، بارش اور برفباری سے سوات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ، واضح رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل ہونے والی بارش اور برفباری کے اثرات تاحال موجود ہیں اور سوات میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے معمولات زندگی کافی حدتک متاثر ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحوں نے مالم جبہ اور کالام کا رُخ کرلیا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں گہما گہمی بڑھ گئی ہے اور سیاح برفباری کے مناظر سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔