تحریک انصاف کے تمام استعفے قبول نہ کرنا اسپیکر کا غیر قانونی اقدام ہے، اسد قیصر

380

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ تمام 125 استعفے ایک ساتھ منظور نہ کرنا اسپیکر کا غیر قانونی اقدام ہے، جمہوریت کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے،حکومت اور اسپیکر کا رویہ قابل مذمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے ہیں، کچھ روز قبل انہوں تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔

 اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے کچھ روز قبل اسپیکر راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسمبلی میں واپس آنے کا کہا تھا، ملاقات کے روز اسپیکر نے کہا تھا کہ وہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو علیحدہ علیحدہ بلا کر انٹرویو کریں گے، تب ہی استعفے قبول ہوں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا راجا پرویز اشرف نے تمام اراکین کو بلا کر انٹرویو لیا تھا؟ کیا انہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کارروائی کی؟  تمام 125 اراکین کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے سے یہ لوگ بھاگ رہے ہیں، اسپیکر کا اقدام غیر قانونی ہے، جمہوریت کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے۔