کراچی:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو سیاسی ایڈونچر نہیں معاشی استحکام کی ضرورت ہے، پنجاب، کے پی کے کے عوام بھی جھوٹ کی سیاست مسترد کردینگے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 4 سالوں میں معیشت کو تباہ کیا ہے ،کراچی کے عوام نے جھوٹ کی سیاست مسترد کردیا ہے، 14سیٹوں کا دعویٰ کرنے والوں کا کراچی سے وائٹ واش ہوگیا ، عوام جانتے ہیں ملک کو کون مستحکم اور کون تباہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب، کے پی کے کے عوام بھی جھوٹ کی سیاست مسترد کردینگے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی تھا جس کی وجہ سے ہم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو مشکل وقت سے نکالنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے، اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ہم پر ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس ایڈوانسڈ مالیکیولر جینیٹکس اینڈ جینومکس سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے صنعتوں کے تینوں ادوار نظر انداز کر دیئے ہیں اور اٹھارویں صدی کی ترقی کا فائدہ امت مسلمہ نہ اٹھا سکی لیکن ڈائویونیورسٹی نے امید کا دروازہ کھولا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک کی کلاس اور لیب فعال ہوں گی وہ وہی ترقی کرئے گا کیونکہ مستقبل کی جنگیں کلاس روم اور لیبارٹری میں لڑی جائیں گی ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مغرب کی جامعات نے علم کے شعبے میں اپنی قابلیت ثابت کی ہے لیکن ہم لرننگ نے ایکوسسٹم بنانے کے بجائے ایگوسسٹم کا شکار ہیں تاہم ترقی کے لئے لرننگ اور تحقیق پر توجہ دینا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی کینسر سمیت دیگر امراض کی بروقت تشخیص کر سکے گی اور ڈائو یونیورسی اور اس کی لیب پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔