اسلام آباد، لاہور: کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج تاخیر سے جاری کرنے اور اس میں رد و بدل اور دھاندلی کرنے پر جماعت اسلامی کے تحت الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے گزشتہ روز بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں دھاندلی اور تاخیر سے اجرا کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں جمات اسلامی کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر جماعت اسلامی (اسلام آباد ( نصراللہ رندھاوا نے شرکت کی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب طارق سلیم سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی، جو پارٹی پرچم اٹھاکر الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے سڑک احتجاجاً ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں جماعت اسلامی لاہور کے تحت الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر کے باہر دھرنا جاری ہے، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری کررہے ہیں۔ دھرنے میں مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے اور نتائج تاخیر سے جاری کرکے دھاندلی کرنے کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں جماعت اسلامی کی واضح اکثریت ہونے کے باوجود دھاندلی کر کے نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔ دھرنے میں جماعت اسلامی یوتھ لاہور کے صدر جبران بٹ بھی موجود تھے۔