پاکستان کی اقتصادی مشکلات

585

پاکستان اس وقت شدید اقتصادی مشکلات سے دوچار ہے، زرِ مبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، حکومت ہاتھ پائوں مار رہی ہے، آئی ایم ایف سے بھی مذاکرات کا ڈول ڈالا جارہا ہے، لیکن ایک منتخب حکومت کے لیے جو عوام کے سامنے جوابدہ ہو، اُن کی کڑی شرائط کو قبول کرنا آسان نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کا فارمولا سیدھا سادہ ہے: وہ اُس صورت میں امداد دے سکتا ہے کہ حکومت ٹیکسوں کی شرح اس حد تک بڑھائے کہ ملکی اخراجات کے مقابلے میں قومی آمدنی زیادہ ہو اور حکومت قرض کی اقساط مع سود ادا کرسکے، اندھے کنویں میں زرو جواہر کے انبار کوئی بھی پھینکنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ یہ حقیقت واضح ہے کہ اس معاشی بحران کی ساری ذمے داری صرف موجودہ حکومت پر نہیں ڈالی جاسکتی، اس میں پچھلی حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیوں، غیر دانشمندانہ فیصلوں اور آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں سے انحراف کا بھی بڑا دخل ہے، سو اس کی ذمے داری سابق اور موجودہ دونوں حکومتوں پر یکساں طور پر عائد ہوتی ہے، اگرچہ اُن میں سے ہر ایک اپنا دامن جھاڑ کر سارا ملبہ دوسرے پر ڈالنا چاہتی ہے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ روس یوکرین جنگ اور بعض عالمی محرّکات کے سبب اس وقت پوری دنیا میں ناقابلِ برداشت منہگائی کی لہر آئی ہوئی ہے، امریکا /یورپ اور ترقی یافتہ ممالک بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔ لیکن ظاہر ہے کہ اُن کی معیشتیں ہماری طرح بے حال نہیں ہیں، بلکہ مستحکم ہیں اور وہ اپنے عوام کو خاطر خواہ نہیں تو مناسب حد تک ریلیف دینے کی پوزیشن میں رہتی ہیں، جبکہ ہمارے قومی خزانے اور آمدنی کے وسائل میں ایسی سکت نہیں ہے۔ تاہم یہ سوال پیدا ہوتا ہے: وہ اشیاء جن کا انحصار درآمد پر ہے، ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر غیر معمولی رفتار سے گرنے کے سبب اُن کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ تو قابلِ فہم ہے، لیکن اشیائے خوراک یعنی آٹا، دال، سبزیاں اور گوشت ودیگر اشیائے صَرف جن کا انحصار درآمد پر نہیں ہے، وہ مارکیٹ سے کیوں غائب ہورہی ہیں، اُن کی اچانک غیر معمولی قلت اور قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کا جواز کیا ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے اور کسی معاشی ماہر نے اس کے اسباب کی نشاندہی بھی نہیں کی، کہیںایسا تو نہیں ہے کہ نظام پر حکومت کی گرفت کمزور پڑنے کے سبب تاجر حضرات بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کر کے رسد اور طلب میں توازن کو بگاڑ رہے ہیں تاکہ غیر فطری رفتار سے قیمتوں کو بڑھایا جاسکے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے نتیجے میں بہت سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں، امن وامان کا قیام، قیمتوں پر کنٹرول، اشیائے ضرورت کی رسد کا انتظام اور ان پر نظر رکھنا صوبائی حکومتوں کے دائرۂ کار میں آتا ہے، لیکن چونکہ پنجاب، خیبر پختون خوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومتیں پی ٹی آئی کی ہیں، اس لیے وہ وفاق کے ساتھ تعاون پر آمادہ نہیں ہیں، بلکہ صورتِ حال کو وفاق کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ صوبائی رابطے کی وزارت فعال نظر نہیں آرہی، یہ بھی دیکھنے میں نہیں آرہا کہ وفاقی وزیر خوراک وپیداوار کی سربراہی میں تمام صوبائی وزرائے خوراک وپیداوار کے اجلاس ہورہے ہوں اور کوئی متفقہ اور جامع حکمتِ عملی تیار کی جارہی ہو۔ توانائی کا بحران بھی قومی مسئلہ ہے، لیکن نہ صوبے وفاق کے فیصلوں کی تائید وحمایت کر رہے ہیں اور نہ اُن کے نفاذ میں مُمِدّو معاون بن رہے ہیں، یہ صورتِ حال انتہائی حد تک تشویش ناک ہے۔ عقل ودانش اور حکمت وتدبر کا تقاضا یہ ہے کہ گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مسائل کو ترجیح دی جائے، پس قومی سطح پر پالیسیوں کو مربوط، منضبط اور قابلِ عمل بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطۂ کار ضروری ہے۔ اگر سیاست دانوں کی ایک دوسرے سے نفرتیں حد سے بڑھ گئی ہیں اور آمنے سامنے بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہیں تو کم از کم صوبائی چیف سیکرٹریوں اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں کو یہ اجازت ہونی چاہیے کہ وہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام اجلاسوں میں شریک ہوں، اتفاقِ رائے سے فیصلے کریں اور عوام کے مفاد میں اُن پر عمل درآمد کرنے میں تعاون کریں، کیونکہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، لیکن وطنِ عزیز پاکستان نے ان شاء اللہ العزیز تاقیامت قائم رہنا ہے اور اس کی بقا، فلاح، سلامتی اور مفاد سب کو عزیز ہونا چاہیے۔
ماضی میں صدر ایوب خان اور وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں ملک میں راشننگ کا نظام رائج رہا ہے، محلے محلے میں راشن ڈپو کھلے ہوتے تھے اور راشن کارڈ پر خاندان کے افراد کی تعداد کے تناسب سے راشن کا سامان حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر دیا جاتا تھا، بعد میں جب حالات بہتر ہوئے تو راشننگ کا نظام ختم کردیا گیا۔ لیکن اگر حالات بے قابو ہوگئے ہیں اور اشیائے خوراک واشیائے ضرورت کی طلب ورسد میں توازن قائم نہیں رہا تو حکومت پر لازم ہے کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے کوئی تدبیر اختیار کرے۔ ہمارے قومی میڈیا کو بھی چاہیے: عوامی مسائل ومشکلات کی ضرور نشاندہی کرے، لیکن ایسا منظر پیش نہ کرے کہ ملک میں ہیجان برپا ہوجائے، سراسیمگی پھیل جائے اور لوگ اشیائے صرف کو ضرورت سے زیادہ مقدار میں خرید کر گھروں میں اسٹاک کرنے لگ جائیں۔ ہم نے بارہا لکھا ہے: ہم ایک خود ملامتی قوم بن کر رہ گئے ہیں، اپنی انفرادی اور اجتماعی خامیوں کو آشکار کرنا اور اُن کی تشہیر کرنا ہمارا پسندیدہ مشغلہ بن گیا ہے، کیونکہ ایسا تو نہیں ہے کہ تئیس کروڑ کی آبادی میں ہرچیز ہرلحاظ سے بری ہی بری ہو، معاشرے میں کئی اچھے پہلو بھی ہوتے ہیں، اچھے افراد اور ادارے بھی ہوتے ہیں، اچھے رویے اور رجحانات بھی ہوتے ہیں، اچھے مثالیے بھی ہوتے ہیں، اُن کو بھی سامنے لایا جائے تاکہ ہمارا ایک اچھا قومی وملّی تشخّص دنیا کے سامنے آئے۔
9جنوری کو جنیوا میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی اعانت اور بحالی کے لیے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوتریس کے اشتراک سے ’’عالمی ڈونرز کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی ہے اور اُس میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک، ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، ایشین انفرا اسٹرکچر انویسمنٹ بینک، یو ایس ایڈ، فرانس، یورپی یونین، جرمنی، چین، جاپان، برطانیہ وغیرہ کی جانب سے بحالی اور تعمیرنو کے لیے مجموعی طور پر تقریباً نو ارب ڈالر کے وعدے کیے ہیں۔ ظاہر ہے یہ رقم یکمشت نہیں ملے گی، کئی برس پر محیط ہوگی، زیادہ تر منصوبوں کی صورت میں ہوگی، لیکن اس سے پاکستان کی معیشت کو یقینا سہارا ملے گا۔ اس بات کا بھی امکان ہے: آئی ایم ایف بھی اپنی شرائط میں کچھ نرمی دکھائے، پاکستان کے معاشی جائزے کے عمل کو تیز کرے اور اگلی اقساط کا اجرا کردے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس کانفرنس کے شریک صدر تھے، اُنہوں نے پاکستان کے حق میں ہمدردانہ اور حوصلہ افزا باتیں کیں، عالمی برادری اور عطیہ دہندہ اداروں کو ترغیب دی اور اس بات کا احساس دلایا کہ پاکستان اُن موسمیاتی وماحولیاتی تباہیوں کا شکار ہے، جس کی ذمے داری پاکستان سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نوّے فی صد متاثر ہوا ہے، جبکہ ماحولیاتی تباہ کاری کے اسباب پیدا کرنے میں پاکستان کا حصہ ایک فی صد بھی نہیں ہے۔ ماحول کو برباد کرنے والی گیسوں کا اخراج زیادہ تر ترقی یافتہ اور صنعتی ممالک کی طرف سے ہوتا ہے، لیکن متاثر سب سے زیادہ پاکستان ہوا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ’’عالمی عطیہ دہندگان‘‘ کو یقین دلایا ہے کہ اس رقم کو دیانت وامانت سے خرچ کیا جائے گا اور تھرڈ پارٹی یعنی غیر جانبدارانہ آڈٹ بھی کرایا جائے گا تاکہ اُن کا اعتماد قائم رہے۔ بظاہر عالمی مالیاتی اداروں اور حکومتوں کی اعلان کردہ امدادی رقوم میں زیادہ حصہ نرم شرائط کے طویل المدتی قرض پر مشتمل ہے جس کی ادائیگی کرنی ہوگی اور کچھ حصہ عطیات کی صورت میں ہے۔
نہایت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس قومی المیے کے موقع پر داخلی اور خارجی سطح پر پاکستان کے تاثر کو خراب کرنے میں بعض سیاسی جماعتیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے، یہ ہم سب کا وطن ہے، آنے والے انتخابات کے نتیجے میں موجودہ حکومت کو اقتدار کا تسلسل ملے یا نئی حکومت اقتدار میں آئے، اُس کو ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، حالات کا بگاڑ اُس کے لیے بھی نقصان دہ ہوگا۔ اگرچہ ہم سیاسی نفرتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیکن قومی اور ملّی مفادات کو سیاسی خلافیات سے بالاتر رکھنا چاہیے، حُبُّ الوطنی کا تقاضا یہی ہے۔ ہم بارہا لکھ چکے ہیں: اگر ہم نے ایک باحمیت اور غیور قوم کی حیثیت سے جینا ہے اور اقوامِ عالَم کے درمیان اپنا مقام بنانا ہے تو اس کا راستہ ایک ہی ہے: اپنی آمدنی کے وسائل میں اضافہ، برآمدات پر مبنی صنعتوں کا قیام اور اُن کی حوصلہ افزائی، پرتعیّش سازو سامان کی درآمد پر مکمل پابندی اور اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنا قومی بجٹ بنانا اور اس کی پابندی کرنا ہے۔ اس وقت تو ہم نے ایک ہی حکمتِ عملی اختیار کی ہوئی ہے: ’’موجودہ قرضوں کی ادائی کے لیے نئے قرض لینا‘‘ اور اگر یہی شعار خدانخواستہ جاری رہا تو خاکم بدہن وہ وقت دور نہیں کہ یہ قرض ہماری پوری قومی آمدنی پر محیط ہوجائیں گے اور پھر ہمیں اپنے قومی اثاثے گروی رکھنا پڑیں گے۔
ابھی تو ایک دوسرے کو ملامت کرنا ہمارا شِعار بن گیا ہے، عمران خان اب بھی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہی ملک کے نَجات دہندہ ہیں اور ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں، حالانکہ اُن کے ساڑھے تین سالہ دور میں قرضوں کا تناسب ماضی کے بہتّر سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا ہے، جبکہ اُن کے کریڈٹ پر ملک کے اندر کوئی قابلِ ذکر معاشی منصوبہ بھی نہیں ہے، سو دوبارہ آنے کی صورت میں بھی اُن سمیت کسی بھی سیاسی قیادت سے کسی بڑے انقلابی اقدام کی توقع نہیں ہے۔ شروع میں انہوں نے نمودو نمائش کے لیے وزیر اعظم ہائوس کی پرانی گاڑیاں نیلام کیں، لیکن پھر اپنے اقتدار کے پورے دورانیے میں ہیلی کاپٹر اور جہازوں پر سفر کرتے رہے، حتیٰ کہ وزارتِ عظمیٰ سے معزولی کے بعد بھی پنجاب اور خیبر پختون خوا کے ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں، اس کے باوجود دوسروں کو مقابلے میں حقیر سمجھتے ہیں، رسول اللہ ؐ نے تکبر کی تعریف میں فرمایا تھا: ’’تکبر حق کے انکار اور لوگوں کو اپنے مقابلے میں حقیر جاننے کا نام ہے‘‘۔ (مسلم)