مری و گلیات میں برفباری جاری، حادثات کی اطلاعات، رہنما ہدایا ت جاری

821
Snowfall

رالوپنڈی: مری و گلیات میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شاہراہوں پر پھسلن کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنسنے اور دیگر حادثات کی اطلاعات آنے لگیں۔

برف باری کا سلسلہ بڑھتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کے عملے کو بھی فوری طور پر الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ فوری رسپانس کرکے 5 سیاحوں  اور ان کی فیملیز کو گاڑیوں سمیت امداد فراہم کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مری میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے ریسکیو 1122 سمیت دیگر ادارے بھی الرٹ ہیں۔ ریسکیو 1122 حکام کے  کنڑول روم پر پنڈی پوائنٹ، بھوربن چوک، مو اینڈ پک  چوک، شوالہ قبرستان روڈ کے مقامات پر  گاڑیاں پھنسنے و پھسلن کے باعث حادثات کا شکار ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جس پر فوری رسپانس کرکے سیاحوں و فملیز اور گاڑیوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ برف بازی سیزن میں گزشتہ سال کے افسوسناک سانحے کو مدنظر رکھ کر مری و گلیات کو ملانے والے مختلف مقامات پر ریسکیو 1122 سمیت امدادی اداروں کے 13 سہولیات مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں تمام  متعلقہ اداروں کے عملے کو 24 گھنٹے تعینات رکھا گیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا  کہ برف باری کے دوران بھی عملہ موجود اور الرٹ ہے اور کنٹڑول روم میں اطلاعات موصول ہونے پر جامع حکمت عملی کے تحت حرکت میں آکر سیاحوں کو مدد فراہم کی جارہی ہے۔