لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اقلیت حکومت کے وزیر اعلی بھاگے ہوئے ہیں، اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں، پرویز الٰہی کے دھاندلی کرکے بھی نمبرز پورے نہیں ہوں گے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ گزشتہ روز تحریک انصاف اور (ق)لیگ کے نمبرز پورے نہیں ہوئے، ہمارے دو ممبران صدیق خان اور خالدہ منصور غیر حاضر تھے ،ہماری تعداد 177تھی جبکہ پی ٹی آئی اور (ق)لیگ کی تعداد 140تھی ،بلال وڑائچ کو نکال کر ہماری تعداد179 بنتی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان کو لاہور ہائیکورٹ نے روک دیاہے، لاہور کا ماسٹر پلان عجلت میں اس لئے منظور کروایا گیا کیونکہ انہیں معلوم تھا چند دن کی حکومت میں اربوں روپے سمیٹ لئے جائیں ،لاہور کے چھیانوے کلومیٹر کو براؤن ایریا ڈیکلئر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیزکیلئے گرین کو براؤن ایریا قرار دیا جا رہا ہے، گزشتہ روز عمران خان اور پرویز الٰہی گتھم گتھا ہو گئے کہ پرویز الٰہی کی کرپشن سے بدنامی ہو رہی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی آہستہ آہستہ سیاسی و اخلاقی جواز کھو چکے ہیں ،بضد پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں اور گھر جائیں ،لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ ان سے اعتماد کا ووٹ لیں ورنہ ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔