لاہور: تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اسمبلی میں جہاز اڑاتے نظرآ رہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا ک پنجاب میں اعتماد کا ووٹ مرضی کے مطابق لیں گے، اپوزیشن کے مطالبے پر نہیں، پی ٹی آئی ممبران کو کالز تو آ رہی ہیں لیکن زیادہ اثر نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، ملک میں گندم کا سارا بحران پی ڈی ایم حکومت نے خود پیدا کیا ہوا ہے، درآمدات، سپلائی وفاق کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں وہ ناکام رہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ گندم ریلیز شروع کرنے سے آٹا پرائیویٹ ہاتھوں میں چلا گیا، کتنا افغانستان پہنچ گیا، ابھی گندم کی بوائی نہیں ہوئی تھی مرادعلی شاہ نے 4 ہزارمیں خریدنے کا اعلان کر دیا، اس اعلان کے بعد تو خود ہی گندم اور آٹا کی قیمتیں بڑھنی تھیں، سندھ نے تو ابھی تک گندم ریلیز شروع نہیں کی، ملک بحرانوں میں ڈوبتا جا رہا ہے حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔
انہوں نے کہا ملک میں انڈسٹریز بند ہو رہی ہے، سویا بین روک کر پولٹری کی صنعت کو درہم برہم کر دیا گیا ہے، گزشتہ ایک ماہ میں آٹے کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہیں، ہر طرف پریشانی، بدحالی اور امپورٹڈ حکومت کی ناکامی نظر آ رہی ہے، قوم موجودہ حکمرانوں سے تنگ ہے۔