اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کریں۔
نصر اللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا بار بار التواءغیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے، عجلت میں نیا ترمیمی قانون لاکر عوام سے حقِ رائے دہی چھیننا غیر جمہوری اقدام ہے، انتخابی عمل میں بار بار التواءجمہوریت اور جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکمران اتحادخوف اور فسطائیت کا راستہ چھوڑ کر عوام کو حقِ رائے دہی کا آئینی حق استعمال کرنے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گراس روٹ لیول پر عوام کو شراکت اقتدار سے محروم رکھنا آئین و قانون سے انحراف اور عوام دشمنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یو نین کو نسل لو ہی بھیر میں منعقدہ کار نر میٹنگ سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر ناظم زون ملک عبد العزیز، ہماءایوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
نصر اللہ رند ھاوا کا کہنا تھا کہ بجلی،گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کرنے کے باوجود حکمرانوں کے اخراجات پورے نہیں ہورہے تو اب منی بجٹ کے ذریعے مزید ٹیکس لگانے کی تیاری ہورہی ہے، موجودہ حکومت کی آٹھ ماہ کی کارکردگی میں مہنگائی،بیروزگاری، بدامنی اور مخالفین کو کچلنے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، آئی ایم ایف کی مزید شرائط تسلیم کرنے سے ملک کو نہیں بلکہ کرپٹ حکمرانوں کو فائدہ اور عوام کی زندگی مزید اجیرن ہوجائے گی۔
ان کامزید کہنا تھا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرنے کی بجائے مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلئے موثر اقدامات کیئے جائیں،اشیائے خورونوش،ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔