راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شریف برادران جنیوا میں اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرینگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ارشد شریف شہید کا کیس جان پکڑ گیا ، سپریم کورٹ نیب ترمیمی آرڈیننس اور اوورسیز ووٹ پر بھی عنقریب فیصلہ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی امداد کے بجائے شریف برادران اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کے بیانات جلتی پر تیل ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 جنوری سے کائونٹ ڈائون شروع اور اپریل میں ختم ہو جائے گا جنہوں نے فالودے اور پاپڑ والوں کے نام سے لوٹا اب وہ سندھ موٹروے پر اپاہجوں کے شناختی کارڈ پر لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرے گا ورنہ اپنے ممبر اسمبلیوں سے نکال لے گا، حکمران اپنے فارن اکائونٹ قومی سلامتی کی خاطر پاکستان واپس لائیں ۔