پھیرو: سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد عالم اسلام اور پاکستان کے عظیم لیڈر،عاشق رسول ،نڈراور اتحاد امت کے داعی تھے ۔بحرانوں میں گھری قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلیے ایسے رہنمائوں کی ضرورت ہے۔ قاضی حسین احمد زندگی بھر اتحادِ امت اور یکجہتی کے لئے کوشاں رہے۔
قاضی حسین احمد کی دسویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع قصورسردار نور احمد ڈوگر، جنرل سیکرٹری عثمان غنی، سابق اُمرا میاں مختار احمد،پروفیسر اختر حسین عزمی، اُمیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 134حاجی محمد رمضان، جے آئی یوتھ ضلع قصور کے سابق صدر احمد جمال ایڈووکیٹ،نائب امیر حاجی رستم ظہیر گوندل ایڈووکیٹ،جماعت اسلامی سرائے مغل زون کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالناصر اور دیگر کئی سیاسی سماجی و مذہبی رہنمائوں نے کہا کہ مرحوم جماعت اسلامی، ملک اور عالم اسلام کے مجاہد لیڈر تھے وہ محب وطن سیاستدان تھے اور ملکی اور بین الاقوامی سیاسی تاریخ میں انکا کردار ایک درخشاں ستارے کی مانند ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد وہ مولانا مودودی کے دیرینہ ساتھی تھے اور انہوں نے اپنی ساری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی کیلیے وقف کیے رکھی اور امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کیلیے کوشاں رہے۔ انکی وفات سے عالم اسلام،پاکستان اور جماعت اسلامی ایک زیرک،مخلص،جرائت مند،نڈر،اور دیانتدار اور دین دار ساتھی سے محروم ہوگئی ہے ایسے رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔انکی وفات ایک سانحہ عظیم تھا انکا خلا بڑی مشکل سے پر ہوگا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک فرقہ وارانہ دلدل میں دھنس چکا ہے اور ملک میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کیلیے قاضی حسین احمد جیسے لیڈروں کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس کے آخر میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی اورپسماندگان کیلیے صبر جمیل کی دعا بھی کرائی گئی