جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گنیز بک میں شامل ہے، پرویز الٰہی

468

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام جھوٹ بولنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے، تاہم شریفوں نے اسے پوشیدہ رکھا ہے۔

یونیورسٹی آف گجرات کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت میں آکر بری طرح ایکسپوز ہوگئے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے زندگی بھر میں جتنے جھوٹ بولے ہیں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔  اسی وجہ سے ان کا نام جھوٹ کے عالمی ریکارڈ میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہبازشریف نے برسراقتدار آکر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد پر کام بند کرایا، سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ ایسے کام کیوں کرتے ہیں۔یہ لوگ مہنگائی کا طوفان اپنے ساتھ لائے ہیں،یہ لوگ آتے ہیں اور ڈالر ساتھ لے کر باہر چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سچا اورکھرا انسان ہے، عمران خان نہ ڈرنے والے ہیں، نہ جھکنے والے ہیں اور صرف کام میں مصرف رہتے ہیں۔ عمران خان کے خلاف جہاں غلط بات ہوتی ہے، میں جواب دیتا ہوں، عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں، محنت آپ نے کرنی ہے، نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔