کوئٹہ:نائب امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالکبیر شاکر نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودھرنے والوں پر تشدد،گرفتاری ،طاقت ،گولی کی زبان پر بات کرنے سے مسائل ،نفرت وتعصب میں اضافہ ہوگا حکومت وادارے کیوں گوادر کے ہارے ہوئے قوم پرستوں کی باتوں میں آکر معصوم عوام ودھرنے والوں پرتشددکررہے ہیں جماعت اسلامی حق دو تحریک کیساتھ ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نواں وکوئٹہ میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کاکناتھاکہ دو ماہ کے احتجاج میں کوئی نقصان نہیں ہوا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوا پرامن دھرنے پر رات کے اندھیرے میں شیلنگ ،چھاپہ وگرفتاریاں کرکے حالات خراب کیے گیے ۔حکومت ،انتظامیہ ،بااختیار طبقات اورمنتخب نمائندے مظلوم عوام ودھرنے والوں پر تشددوگرفتاریاں اور مقدمات کا تماشانہ کریں
ان کامزید کہناتھا کہ دھرنے والے مطالبات کیلئے قانونی طریقے سے احتجاج کررہے تھے ٹرالرمافیاکو ہر صورت روکناہوگا گوادرکے عوام جمہوری لوگ ہیں جائزطریقے سے کاروبار کرنا چاہتے ہیں بدقسمتی سے حکومت وسائل دے رہی ہے نہ روزگار اورنہ قانونی طریقے سے کاروبار کرنے دے رہی ہے ۔
بھتہ مافیارقم دیکر راشی آفیسرزسے کام لے رہے ہیں یہ لٹیروں ،چوروں اور سمندری حیات کا قتل کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے ۔عوام ہمارے ساتھ ہے۔ ٹرالرمافیاز،بھتہ خورسیکورٹی فورسزاورچیک پوسٹوں پر رقم لیکر ہرناجائزوغلط کام کرنے والوں کے خلاف ہم میدان میں نکلے ہیں ہم سے ہماراکاروبارروزگار چھین لیا گیا ہے روزگار کے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
صوبائی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ حکمرانوں کو عوام کو سننا پڑے گا۔ ” حق دو تحریک ”کسی دباؤ کے تحت ختم نہیں ہوگی۔ ہم چاہتے ہیں کہ عدالتیں لوگوں کو انصاف دیں، ایوان میں قانون سازی ہو اور ادارے وہ کام کرے جو آئین کے مطابق ان کی ذمہ داری ہے۔ بلوچ عوام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام میں ہے۔