کراچی :سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید آج بھی عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں، وہ کرشمہ ساز لیڈر تھے، قائد عوام کی جدوجہد سے استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے قائد عوام کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے.
سابق صدر نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو عوامی طاقت کی علامت تھے،قائد عوام انسانی آزادی کے بہت بڑے حامی،طرف دار اور وکیل تھے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور بااختیار بنایا، پاکستان کو پہلا متفقہ آئین اور جوہری پروگرام دیا اور اسلامی دنیا کا مرکز بنایا، ان کا نظریہ،جدوجہد بے مثال تھی۔