وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ موسم سرما میں ایک بات کرتا ہے اور گرما میں دوسری بات کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان 4 حکومتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، عمران خان کے جھوٹوں پر اعتبار کرنے والے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بہروپیا ہے، جھوٹ بولتا ہے، اپنی کہی ہوئی بات سے مکر جاتا ہے۔ یہ موسم سرما میں ایک بات کرتا ہے اور گرما میں دوسری بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس آزاد کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ہیں اور پھر بھی بے بس ہیں۔ عمران خان آج وہی نوٹنکی، جھوٹ، لفظوں کا ہیر پھیر لے کر ٹی وی پر نمودار ہوئے۔ عمران خان دو جھنڈے رکھ کر جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ ایک ہی بات بار بار دہراتے ہیں جس کے اب کوئی معنی نہیں رہے۔ آج عوام بھی عمران خان کو ٹی وی اسکرین پر دیکھ کر حیران ہو گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیونکہ عمران خان نے جمعہ کو اسمبلی توڑنے کا وعدہ کیا تھا، اب کل پھر جمعہ ہے۔ عوام توقع کر رہی تھی کہ عمران خان کل جمعہ کو نمودار ہو کر اسمبلی توڑیں گے۔ عمران خان آج جمعرات کو جب ٹی وی پر آئے تو قوم انتظار کر رہی تھی کہ عمران خان اسمبلی توڑنے کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 4 سال ملک پر مسلط رہا، وزیراعظم کی کرسی اور منصب پر براجمان رہا۔ وہ 4 سال بعد کہہ رہے ہیں کہ میں بے بس تھا اور بے بس ہوں۔ عمران خان نے ایک اور گردان دہرائی کہ ایک ہی آدمی تھا جس نے میری حکومت بدلی۔ رجیم چینج کی بات امریکا سے اب ایک آدمی پر آ گئی ہے۔ پہلے کہا کرتے تھے کہ امریکا نے رجیم چینج کر دی ہے اور پاکستان کی حکومت بدلی۔ آج وہی شخص پھر کہہ رہا ہے کہ ایک آدمی نے میری حکومت بدلی، رجیم چینج کی، مجھے قتل کرنے کا پلان بنایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب ! آپ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ ایک ہی آدمی ہے جس کا نام عمران خان ہے جس نے اس ملک کا بیڑہ غرق کیا۔ وہ ایک ہی آدمی ہے جس کا نام عمران خان ہے جس نے اس ملک کے غریب سے روٹی چھینی۔ اس ملک کی معیشت کو تباہ کیا، آج پاکستان کے پاس نہ کشمیر رہا اور نہ پاکستان کے غریب عوام کے پاس روٹی رہی۔ وہ ایک ہی آدمی ہے جس نے اس ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے ڈبویا، اس نے دونوں ہاتھوں سے اس ملک کو لوٹا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے اندر مافیاز کو مسلط کر کے چوری اور ڈاکے ڈالے۔ وہ ایک ہی آدمی ہے جس نے اس ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کیا۔ وہ ایک ہی آدمی ہے جس کا نام عمران خان ہے جس نے اس ملک کے نوجوان کو بے روزگار کیا۔ جس نے اس ملک کی خواتین، ماؤں ، بیٹیوں، بچیوں کو انگوٹھے پر لائن لگا کر رمضان کے مہینے میں قطاروں میں کھڑا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بجلی کی قیمت 3 گنا مہنگی کی، گیس مہنگی کی، کسان کا جینا دوبھر کیا، میڈیا کی زبان بندی کی، میڈیا کو جیلوں میں ڈال کر میسج دیا کہ میرے خلاف بولو گے تو پیٹ میں گولیاں ماروں گا۔ عمران خان نے صحافیوں کی پسلیاں اور ناک کی ہڈیاں توڑیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ ایک ہی شخص ہے جس نے اس ملک کی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، نوجوان کے اندر عدم برداشت کا کلچر ڈالا۔ جھوٹ بول بول کر نوجوانوں کی محرومیوں سے کھیلا۔ اس کی وجہ سے کھیلوں کے میدان بھی آباد نہیں رہے، نوجوانوں کو روزگار نہیں مل سکا۔ 60 لاکھ لوگ 4 سال میں بے روزگار کیے۔90 دن میں کرپشن ختم کرنے اور 100 دن میں معیشت کو درست کرنے کے جھوٹے وعدے کے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کرسی پر بیٹھ کر کہا کرتا تھا کہ 40 فیصد آبادی کے دماغوں کو ٹھیک کروں گا۔ پورے ملک کی ذہنیت کے اندر غلاظت بھر کر اخلاقیات کا جنازہ اسی ایک شخص نے نکالا۔ کبھی خواتین پر حملے، صحافیوں پر حملے، شہداکے خلاف مہم چلائی۔ 75 سالہ ملکی تاریخ میں ایک ہی شخص ہے جس نے شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلائی۔ عمران خان آج کہتے ہیں میں بے بس ہوں۔