الیکشن میں تاخیر یا جلد دونوں صورت میں سپورٹ نہیں کریں گے، بلاول

286

کراچی:وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر یا جلد الیکشن دونوں صورت میں سپورٹ نہیں کریں گے، الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ سی ای سی نے فیصلہ کیا ہے تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر کام اور کوڈ آف کنڈکٹ اسٹیبلش کیا جائے، کوڈ آف کنڈکٹ کے دائرے میں رہ کر جماعتیں الیکشن کمپین چلائیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خان صاحب کی پالیسی کی سخت مخالفت کرتے ہیں، عمران خان دہشت گردوں کا فرنٹ مین ہے، اس نے ایسے اقدامات اٹھائے جو نیشنل سکیورٹی کے خلاف ہیں۔

بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سب سے پہلے سانحہ اے پی ایس کے مجرم کو چھوڑا اور ملک کے باہر بھیجا، افغانستان کے جیل کے قیدیوں کو بھی پاکستان میں رہنے کی دعوت دی گئی، اس کے نیتجے میں آج ہمیں پھر دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے بیان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمیں اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا خطرہ نفرت، تقسیم کی سیاست سے ہے، نفرت کی سیاست معاشرے، سیاست اور جمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمان کو آن بورڈ لیا جائے، نیا کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کیلئے پیپلز پارٹی ایک کمیٹی بنائے گی، اگر ملک میں واقعی سیاسی استحکام دیکھنا چاہتے ہیں تو کوڈ آف کنڈکٹ پر کام کرنا ہوگا۔