کالعدم ٹی ٹی پی کو مذاکرات کی ٹیبل پر لانے کیلئے کوشاں ہیں، رانا ثناء

499
negotiation

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو ٹیبل پر لانے کی پہلی شرط ہے کہ وہ ہتھیار رکھیں، کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں مذاکرات کی ٹیبل پر لایا جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں دہشت گردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پر اتفاق ہوا، جو فیصلے ہوئے آنے والے دنوں میں ان پرعمل ہوتا دیکھیں گے، افغانستان اور وہاں پر کالعدم ٹی ٹی پی ایک حقیقت ہے، تمام صوبوں کی سی ٹی ڈی کو فیڈریشن کی طرف سےمدد دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے آئی جی اسلام آباد کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد کو روک کر ہلاک کرنا اسلام آباد پولیس کا بڑا کارنامہ ہے، پولیس کی کاوش کی وجہ سے بڑے نقصان سے محفوظ رہے، دو زخمی ہونے والے جوانوں کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے، اسلام آباد پولیس پہلے بھی اور اب پہلے سے بہتر طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، ان کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہکا کہنا تھاکہ ہم نے سی ٹی ڈی کا اسٹرکچر تیار کیا اور سہولیات فراہم کیں، تحقیقات چل رہی ہیں اس لیے تمام چیزیں سامنے نہیں لا سکتے، یہ خوف وہراس پھیلانے کا طریقہ ہوتا ہے، پارلیمنٹ پر حملے کا معاملہ میڈیا پر اٹھایا گیا، سی ٹی ڈی نے پنجاب میں بہت زبردست کام کیا، گزشتہ دنوں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار بھی شہید ہوئے۔