مہنگائی عروج پر ہے، اربوں ڈالر خرچ کرکے گندم منگوا رہے ہیں، شہباز شریف

549

کوئٹہ: وزیراعظم  محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت مہنگائی عروج پر ہے، حکومت مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے ، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو انتہائی مخدوش حالات تھے آئی ایم ایف معاہدہ ٹوٹ چکا تھا اور تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر تھیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ سیلاب نے ہمارے لئے مزید چیلنج پید اکئے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کئی سو ارب کی ضرورت ہے، صحبت پور میں ماڈل اسکول کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے،پنجاب کے دور دراز علاقوں کو چن کر دانش اسکولز بنائے،میں نے یہ منصوبہ 2008 میں شروع کیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے اس طرح کا سیلاب اپنی زندگی میں نہیں دیکھا تھا،متاثرہ علاقوں کو دیکھ کر خوف محسوس ہوتا تھا،سوچتا تھا کہ کس طرح یہ لوگ اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر خرچ کرکے گندم منگوا رہے ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی عروج پر ہے،سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی حکومت نے 100ارب روپے سے زائد خرچ کئے ہیں،کئی سو ارب مزید درکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھی جنیوا کانفرنس میں آ رہے ہیں،میں وہاں ڈونرز کانفرنس بلا رہا ہوں،میں نے مختلف ممالک کو ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔