اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 2018 میں مستحکم معیشت کا حامل پاکستان ملا اور اپنے دور میں تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر احسن اقبال ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ کے گزشتہ دورمیں ملکی معیشت تیزی سےترقی کررہی تھی، ن لیگ کے دور میں معاشی شرح نمو6.1 فیصد تھی۔ پی ٹی آئی نے جو معاشی اعداد و شمار دیئے وہ درست نہیں، پی ٹی آئی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے بھی گمراہ کررہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 2018 میں مستحکم معیشت کا حامل پاکستان ملا اور اپنے دور میں تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کے دور میں مالیاتی خسارہ عروج پر پہنچا، پی ٹی آئی 2019 میں معاشی شرح نمو کم کر کے 3.12 فیصد پر لائی۔ 2019 میں پی ٹی آئی شرح سود 15 فیصد پر لے گئی، ان کے دور میں ادویات کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ کیا گیا، شیائےخورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ ہمارے دور میں دہشتگردی کی فضا تھی، پی ٹی آئی نے کسی سیکیورٹی آپریشن کیلئے فنڈز مختص نہیں کیے، پی ٹی آئی دور میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر توجہ نہیں دی گئی، پم نے ضرب عضب جیسے چیلنجز اور بجلی کے شارٹ فال کو ختم کیا۔ رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر نے محصولات کا ہدف 7470ارب روپے مقرر کیا ہے، موجودہ حکومت نے 6 ماہ کی مختصر مدت میں 3000 ارب سے زائد محصولات اکٹھے کیے۔