کراچی میں 10 جنوری سے سردی کی نئی لہر متوقع

1207

کراچی: بلوچستان کی یخ بستہ شمال مشرقی ہواؤں کے اثرات کے سبب درجہ حرارت گر گیا۔ منگل کو معمول سے تیزہوائیں چلیں جب کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گردآلود ریکارڈ ہوئیں۔ 10جنوری سے سردی کی نئی لہر متوقع ہے۔

شہر میں خشک اورسردموسم جاری ہے،منگل کو بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہواوں کی رفتاربڑھ گئی،جس کی وجہ سے دن کے وقت بھی خنکی محسوس کی گئی،اس دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں غیرفعال رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار20کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ مذکورہ سمت کی ہواؤں میں اگلے چند روز کے دوران مزید اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم پارہ 11اورزیادہ سے زیادہ 25.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق بدھ کو پارہ مزید کمی سے 8ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق 7جنوری سے مغربی ہواوں کا ایک نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے داخل ہوگا۔ نئی مغربی لہر کے سبب کراچی میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے،جو بعدازاں 3 روزتک جاری رہ سکتی ہے۔