پنجاب میں دھندچھائی رہی ، موٹرویز بند، لاہور میں پروازیں تاخیرکا شکار

381

لاہور:پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے کے باعث اہم شاہراہوں سمیت موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر سے کوٹ مومن، ایم تھری فیض پور سے سمندری اور ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ۔

ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے ایم الیون کو بھی لاہور سے سیالکوٹ تک بند کر دیا گیا ،حدنگاہ کم ہونے سے جی ٹی روڈ پرٹریفک روانی متاثرہوئی جبکہ سفر کرنے والے شہریوں کیلئے اہم ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں اورغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

دوسری جانب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق لاہور سے دبئی ، مسقط، دمام، سلالہ، جدہ جانے والی اور لاہور سے کراچی جانے والی ، 55 پرازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

کوالالمپور، دبئی اور کراچی سے لاہور آنے والی 4 پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پروازیں پی کے 306 اور 307 منسوخ کر دی گئی ہیں۔